سب سے پہلے ریشمی کپڑا کہاں تیار کیا گیا؟

بچو! تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ دنیا میں جن جگہوں پر سب سے پہلے انسان نے گھر بناکر رہنا شروع کیا تھا، ان میں چین بھی شامل ہے۔ چین کے لوگوں نے جب تہذیب کے میدان میں ترقی کی تو انہوں نے کئی ایجادات کیں اور کئی نئے طریقے دریافت کئے جن میں ریشم کا کپڑا بنانا بھی شامل ہے۔ انہوں نے تین ہزار سال تک یہ طریقہ صرف اپنے ہی لوگوں تک محدود رکھا، اور کسی دوسرے شخص کو یہ نہیں بتایا کہ ریشم کا کپڑا کیسے بنایا جاتا ہے۔ لیکن جب ان کا میل جول دوسرے ملکوں کے لوگوں سے بڑھا تو وہ لوگ بھی اس ملائم ، خوبصورت اور نازک کپڑے میں دلچسپی لینے لگے۔ ریشم کا دھاگا ایک ایسے کیڑے کے لعاب سے بنتا ہے، جسے ریشم کا کیڑا کہتے ہیں۔ یہ شہتوت کے پتے کھاتا ہے اور منہ سے جو لعاب نکالتا ہے، فوراً سوکھ جاتا ہے اور اس سے دھاگہ سا بنتا جاتا ہے۔ یہ دھاگہ تین ہزار فٹ تک لمبا ہوتا ہے۔ ریشم کے کپڑے کی قدر ہر زمانے میں ہوئی ہے۔ اس کے دھاگے اب کئی ملکوں میں تیار ہوتے ہیں اور ریشم کے کیڑے پالنا ایک صنعت بن گئی ہے۔