شیلانگ۔/14نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر امریکہ اور چین کے بعد ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جہاں سے سب سے زیادہ پاسپورٹس جاری کئے جاتے ہیں یعنی عالمی سطح پر ہندوستان کا نمبر تیسرا ہے۔ ملک بھر میں پاسپورٹ رکھنے والوں کی تعداد 5.7 کروڑ ہے۔ پاسپورٹ سیوا کیندر (PSK) کی افتتاحی تقریب میں ان کی ریکارڈ کی ہوئی تقریر نشر کی گئی کیونکہ خراب موسم کی وجہ سے سشما سوراج کا ہیلی کاپٹر لینڈنگ نہیں کرسکا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2014ء کے دوران ہندوستان ایک ایسے ملک کے طور پر اُبھر کر سامنے آیا ہے جہاں اندرون ایک سال پاسپورٹ جاری کرنے کی تعداد ایک کروڑ ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی خطوں میں گوہاٹی اور آئزوال جہاں پاسپورٹ سیوا کیندر موجود ہیں تاہم حکومت اب ارونا چل پردیش ، منی پور، ناگا لینڈ اور سکم میں بھی 2015 کے اوائل میں پاسپورٹ سیوا کیندر شروع کرے گی۔ سشما سوراج کی عدم شرکت کی وجہ سے وزیر اعلیٰ میگھالیہ مکل سنگھ نے پاسپورٹ سیوا کیندر کا افتتاح کیا۔