نئی دہلی ۔ 6 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فرقہ وارانہ واقعات اعظم ترین تعداد میں یوپی اور مہاراشٹرا میں 2014-15 کے دوران پیش آئے ہیں ۔ راجیہ سبھا میں ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے ایسے واقعات کی تعداد کا انکشاف کیا جو گزشتہ سال اور 2015 کے پہلے دو مہینوں میں پیش آئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ جملہ 138 فرقہ وارانہ واقعات کی یو پی سے اس مدت کے دوران خبر ملی ہے ۔ اس کے بعد مہاراشٹرا کا مقام ہے جہاں ایسے 128 واقعات پیش آئے ہیں۔ کرناٹک میں 89 اور راجستھان میں 81 فرقہ وارانہ واقعات کا اندراج ہوا ۔ انھوں نے کہا کہ دیگر ریاستیں جو اس سلسلے میں سرفہرست ہیں گجرات 80 فرقہ وارانہ واقعات ، بہار 79 اور مدھیہ پردیش 66 فرقہ وارانہ واقعات کے ساتھ اسی مدت کے دوران سرفہرست آئے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نے ریاست آندھراپردیش کے ضلع چتور میں پیش آنے والے جعلی انکاؤنٹر اور ریاست تلنگانہ میں آلیر کے مقام پر جعلی انکاؤنٹر کو فرقہ وارانہ واقعات کی فہرست میں شامل نہیں کیا ۔