بھاگلپور۔/24جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) بھاگلپور ڈسٹرکٹ میں معمول کی گشت پر ڈیوٹی انجام دینے والے ایک پولیس سب انسپکٹر کو مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ دریں اثناء بھاگلپور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (DIG) سنجے سنگھ نے بتایا کہ سب انسپکٹر اویناش کمار پولیس پارٹی کے ساتھ کھلنی بہی یار نامی علاقہ میں گشت کررہا تھا کہ اس نے وہاں کچھ مسلح افراد کو دیکھا۔ پولیس کو دیکھتے ہی مسلح افراد نے بھاگنا شروع کردیا اور پولیس اہلکار ان کا تعاقب کرنے لگے۔ اویناش اپنے دیگر ساتھیوں سے تیز دوڑ کر ایک مسلح فرد کو پکڑنے میں کامیاب ہوگیا لیکن اس نے اویناش پر انتہائی قریب سے فائرنگ کردی جس سے اویناش ہلاک ہوگیا۔ حملہ آوروں نے اویناش کا ریوالور حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن تب تک دیگر پولیس اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے اور فائرنگ شروع کردی جس کے بعد حملہ آور وہاں سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے تارنی منڈل نامی ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا جبکہ اویناش کو ہلاک کرنے والے حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔ مہلوک اویناش کمار 2009ء بیاچ کا سب انسپکٹر تھا جس کا تعلق مونگیر ڈسٹرکٹ کے موضع مادھپور سے تھا۔