طلاق کیلئے ہراساں کرنے کا الزام ، پولیس کی عدم کارروائی پر سماجی تنظیموں کا سہارا لیا
حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) طلاق کیلئے بیوی کو ہراساں کرنے والے سب انسپکٹر پولیس سنگاریڈی لکشما ریڈی کے خلاف دائرہ تنگ ہوتا جارہا ہے۔ اپنے شوہر کے خلاف کی گئی کارروائی سے ناخوش بیوی جیوتی نے سماجی تنظیموں کا دامن تھام لیا ہے اور بائیں بازو سے ملحقہ تنظیم آشیرواد کے ساتھ آج پولیس اسٹیشن سنگاریڈی پر دھرنا منظم کیا۔ جیوتی نے اپنے شوہر لکشما ریڈی کے خلاف گزشتہ ماہ ملکاجگری پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی اور پولیس نے اس خاتون کی شکایت پر کارروائی بھی کی تھی۔ ایک طرف بیوی کی جدوجہد تو دوسری طرف اس معاملے میں چائیلڈ رائیٹس کمیٹی نے بھی آواز بلند کی ہے۔ کمیشن ، راست انسانی حقوق کمیشن سے رجوع ہوکر ایس آئی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کمیشن میں پیش کردہ درخواست پر بتایا جاتا ہے کہ کمیشن نے ضلع کے ذمہ دار عہدیدار کو نوٹس جاری کی ہے اور 7 ستمبر سے قبل مکمل تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سب انسپکٹر پر اپنی بیوی جیوتی اور ڈھائی سالہ لڑکی کو سرویس ریوالور سے دھمکانے اور جان سے ماردینے کی دھمکیاں دینے کے سنگین الزامات ہیں۔ سب انسپکٹر نے طلاق کیلئے بیوی پر دباؤ ڈالنے کی خاطر اپنی سرویس ریوالور کو ڈھائی سالہ لڑکی پر تان دیا تھا تاکہ خوف کے عالم میں بیوی اس کی مرضی کے آگے جھک جائے تاہم ایسا نہیں ہوا۔