حیدرآباد 28 جولائی ( آئی این این ) عثمانیہ یونیورسٹی کے بیروزگار نوجوانوں کی جے اے سی نے آج ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پولیس سب انسپکٹران کے امتحانات کے نتائج کو جلد جاری کیا جائے ۔ جے اے سی کارکنوں نے آج عثمانیہ یونیورسٹی لائبریری سے آرٹس کالج تک ایک ریلی منظم کی تاکہ اپنے مطالبات کی یکسوئی کیلئے زور دیا جاسکے ۔ جے اے سی قائدین نے کہا کہ سب انسپکٹران کی جائیدادوں کیلئے امتحان ہوئے 9 ماہ مکمل ہوگئے ہیں لیکن ریاستی حکومت نے ابھی تک نتائج کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی طلبا نے علیحدہ ریاست کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور انہیں امید تھی کہ انہیں نئی ریاست میںروزگار حاصل ہوگا تاہم نئی ریاست کی تشکیل کے تین سال بعد بھی روزگار کے حصول کا ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوا ہے ۔ ان کارکنوں نے سٹ ان احتجاج بھی کیا ۔