سب انسپکٹرس تقررات کا کل پریلمینری امتحان

حیدرآباد مراتھن رن کے پیش نظر ٹریفک تحدیدات، امیدواروں کو متبادل روٹس اختیار کرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/24اگسٹ، ( این ایس ایس ) تلنگانہ ریاست گیر سطح پر 26 اگسٹ کو سب انسپکٹر آف پولیس تقررات کا پریلمینری ٹسٹ منعقد ہوگا جس کے لئے مختلف مقامات پر امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ امتحان کے اوقات کار صبح 10 تاایک بجے دن مقرر ہیں۔ شہر حیدرآباد میں حیدرآباد سائبر آباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹ حدود میں بھی امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں قائم کردہ 55 امتحانی مراکز میں ایک لاکھ 88 ہزار امیدوار شرکت کریں گے تاہم اسی دن حیدرآباد مراتھن رن 2018 بھی مقرر ہے جس میں تقریباً 20 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ یہ رن نیکلس روڈ تا گچی باؤلی جی ایم سی بالا یوگی اسٹیڈیم سائبر آباد تک نکالی جائے گی۔ مراتھن رن کے پیش نظر ٹریفک تحدیدات عائد کرتے ہوئے ٹریفک آمدورفت کے رخ کو تبدیل کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق کاویری ہلز روڈ نمبر 36 ، روڈ نمبر 45 ، سائبر ٹاور جنکشن ہائی ٹیکس چارمینار ٹی جنکشن ، بائیو ڈائیورسٹی جنکشن، گچی باؤلی جنکشن، جی ایچ ایم سی آفس لنگم پلی جنکشن، ویپرو جنکشن، گوپن پلی چوراہا اور گچی باؤلی ٹریفک پولیس اسٹیشن جنکشن کے راستوں پر ٹریفک تحدیدات رہیں گی۔ اس طرح کی صورتحال کے پیش نظر سب انسپکٹر آف پولیس کے پریلمyنری امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ بالا راستوں سے اجتناب کریں اور متبادل راستوں سے مراکز کو پہنچنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ امتحانی مراکز کو مقررہ وقت سے قبل پہنچنے میں آسانی ہوسکے۔ اگر امیدواروں کو کسی قسم کی ٹریفک خلل یا پھر ٹریفک جام کا سامنا ہو تو انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر ٹریفک کنٹرول روم سے ربط کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جو کہ متبادل راستہ فراہم کرنے میں بھرپور مدد کرے گا۔ امیدواروں کی سہولت کیلئے سائبر آباد ٹریفک کنٹرول روم، انسپکٹر مادھا پور، گچی باؤلی ٹریفک پولیس اسٹیشن کے نمبرات جاری کئے گئے ہیں تاکہ امیدوار ٹریفک مشکلات کے پیش نظر ربط کرسکیں۔ سائبرآباد ٹریفک کنٹرول روم موبائیل نمبر 8500411111 ، لینڈ لائن 040-23002424 ہیں۔ انسپکٹرس مادھا پوراور گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کو پہلے ہی اس ضمن میں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امتحانی مراکز کو جانے والے راستوں پر ٹریفک آمدورفت کو بحال رکھیں اور ٹریفک جام مسئلہ کو فوری حل کریں۔ ایس ایچ او مادھا پور ٹریفک پولیس اسٹیشن کا نمبر 9490617257 جبکہ ایس ایچ او گچی باؤلی ٹریفک پولیس اسٹیشن کا نمبر 9490617479 پر بھی ٹریفک مشکلات پر ربط کیا جاسکتا ہے۔