عوامی مسائل حل کرنے کا تیقن، اندرا ریڈی کے نقش قدم پر چلنے کا اعلان
حیدرآباد /8 جنوری (سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی کے فرزند، حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ سے پارٹی ٹکٹ کے دعویدار کارتک ریڈی نے کانگریس کو مستحکم کرنے کے لئے آج لنگر حوض تا تانڈور اپنی پدیاترا کا آغاز کیا۔ انھوں نے اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کانگریس رکن اسمبلی سدھیر ریڈی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ انھوں نے اپنے آنجہانی والد اندرا ریڈی اور والدہ سبیتا اندرا ریڈی کی عوامی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ بھی عوامی خدمت کا جذبہ لے کر سیاسی میدان میں داخل ہو رہے ہیں، لہذا عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ریاست کی ترقی کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، جب کہ ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیمات سارے ملک میں سرفہرست ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں تعمیری رول ادا کرنے یا فلاحی اسکیمات میں تعاون کرنے کی بجائے صرف سیاسی مقاصد کے لئے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ضلع رنگاریڈی اور شہر حیدرآباد کی ترقی میں ان کے والد نے اہم رول ادا کیا ہے، لہذا وہ بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کو ترجیح دیں گے۔
جگن اپنے ایم ایل ایز کو معطل کردیں اور یاترا پر چلے جائیں : دیوی نینی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( این ایس ایس ) : ٹی ڈی پی نے صدر وائی ایس آر سی پی جگن موہن ریڈی سے کہا کہ وہ اپنے تمام ارکان اسمبلی کو معطل کرتے ہوئے اڈوپو یاترا پر چلے جائیں ۔ یہاں اسمبلی میڈیا پوائنٹ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی ڈی پی قائد دیوی نینی اوما نے کہا کہ جگن موہن ریڈی اپنے تمام 18 ارکان اسمبلی کو معطل کردیں اور یاترا پر چلے جائیں ۔ دریں اثناء ٹی ڈی پی کے ایم ایل اے ڈی نریندر نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ بل پر اپنے موقف کو واضح کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت ریاست کی تقسیم پر سنجیدہ ہے ۔۔