سبسیڈی پر گیس سلنڈرس کوٹہ میں اضافہ کا مطالبہ کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی آج موئیلی سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ارکان پارلیمنٹ مجوزہ لوک سبھا انتخابات سے قبل سبسیڈی پر دیئے جانے والے گیس سلنڈرس کی تعداد کو سالانہ 9 سے بڑھا کر 12 کرنے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی ارکان پارلیمنٹ کل وزیرپٹرولیم ویرپا موئیلی سے ملاقات کریں گے۔ ایک سینئر وزیر نے بتایا کہ پارٹی میں یہ احساس پایا جاتا ہیکہ ایل پی جی سلنڈرس کی موجودہ تعداد 9 کو بڑھا کر 12 کیا جائے۔ پارٹی کے مختلف اجلاسوں میں ارکان پارلیمنٹ مسلسل یہ مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔ حال ہی میں راہول گاندھی کے ساتھ ایک اجلاس میں بھی یہ مطالبہ کیا گیا تھا اور ایسا لگتا ہیکہ پارٹی قیادت اس مطالبہ کی تائید کرتی ہے۔

سہارا گروپ ذرائع آمدنی کا انکشاف کرے:سپریم کورٹ
نئی دہلی 9 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے سہارا کی دو کمپنیوں کو سرمایہ کاروں کو واپس کی گئی 19000 کروڑ کی رقم کے ذرائع کا انکشاف کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے سہارا کو خبردار کیا کہ وہ اس ذرائع آمدنی کی مکمل تحقیقات کا حکم دے سکتی ہے ۔ سبرتھا رائے کی زیر قیادت سہارا گروپ نے اپنے سرمایہ کاروں کو واپس کی گئی رقم کے ذرائع کا انکشاف نہیں کیا ۔ یہ دو کمپنیاں سہارا گروپ کے تحت درج رجسٹر ہیں اور عدالت نے کہا کہ انہیں ہر ایک روپئے کا حساب دینا ہوگاکیونکہ اس قدر خطیر رقم کے ذرائع کا انکشاف کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے ۔ سپریم کورٹ نے سہارا گروپ کو 23 جنوری تک تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی اور خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو عدالت رجسٹرار آف کمپنیز اور سی بی آئی کو رقمی ذرائع کی تحقیقات کا حکم دے گی ۔ اس دوران سپریم کورٹ کی جانب سے سبرتھا رائے کی بیرون ملک دورہ پر پابندی برقرار رہے گی۔