فیصلے کے اثرات کا جائزہ لینا ضروری ۔ ویرپا موئیلی کا بیان
گریٹر نوئیڈا ( اتر پردیش ) 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنی پارٹی کے دباؤ کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزیر تیل ایم ویرپا موئیلی نے آج کہا کہ حکومت سبسڈی والے گیس سلینڈرس کی سالانہ تعداد میں اضافہ پر غور کر رہی ہے ۔ یہ تعداد 9 سے بڑھاکر 12 کی جاسکتی ہے ۔ علاوہ ازیں انہوں نے ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں ایک وقت ہی اضافہ کا بھی اشارہ دیا ہے ۔ گذشتہ ہفتے مسٹر موئیلی نے کہا تھا کہ پکوان گیس سلینڈرس کی تعداد میں اضافی کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے قطعی فیصلہ سیاسی امور سے متعلق کابینی کمیٹی کریگی ۔
انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی جانب سے یہ مسئلہ وزیر اعظم سے رجوع کرنے کے تعلق سے انہوں نے اخبارات میں پڑھا ہے ۔ ابھی تک انہیں اس تعلق سے خود راہول گاندھی یا وزیر اعظم سے کوئی ہدایت نہیں ملی ہے ۔ مسٹر موئیلی نے ادعا کیا کہ 15 کروڑ ایل پی جی صارفین میں 89.2 فیصد صارفین سالانہ 9 سلینڈرس استعمال کرتے ہیں اور صرف دس فیصد کو اضافی سلینڈرس مارکٹ قیمت پر خریدنے پڑ رہے ہیں۔ اگر کوٹہ کو 12 تک بڑھا دیا جائے تو سبسڈی والے سلینڈرس سے 97 فیصد صارفین کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سبسڈی والے سلینڈرس کی تعداد میں اضافہ کیا جاتا ہے تو حکومت کو سالانہ مزید 3,300 تا 3,800 کروڑ روپئے کا بوجھ برداشت کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے کوئی فیصلہ ہوتا ہے تو اس کے اثرات و نتائج کو نظر میں رکھنا ہوگا اور یہ فیصلہ کابینہ کی سیاسی امور سے متعلق یا معاشی امور سے متعلق کمیٹی کریگی ۔معتمد پٹرولیم ویویک رائے نے ڈیزل و پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ کا اشارہ دیا ہے ۔
پراویڈنٹ فنڈ شرح سود کا آج فیصلہ
نئی دہلی ۔ /12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایمپلائیز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کی فیصلہ ساز باڈی سنٹرل بورڈ آف ٹرسٹیز کا کل ایک اجلاس منعقد ہوگا جس میں جاریہ مالی سال کیلئے پراویڈنٹ فنڈ شرح سود کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ امکان ہے کہ 5 کروڑ سے زائد پراویڈنٹ فنڈ اکاؤنٹ ہولڈرس کو سال 2013-14 ء کیلئے 8.5 فیصد شرح سود برقرار رکھا جائے گا ۔ اجلاس کے ایجنڈے میں شرح سود کو 8.5 فیصد مقر ر کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے جسے توقع ہے کہ منظوری دی جائے گی ۔