ترواننتاپورم ۔ 12 ؍ دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سبری ملا کے مسئلہ پر کانگریس کی زیر قیادت یو ڈی ایف کی جانب سے کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے پر کیرل اسمبلی کی کارروائی مسلسل 8 ویں دن بھی ملتوی کرنی پڑی۔ آج جیسے ہی ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی بینرس اور پلے کارڈس لے کر ایپا کی اس پہاڑی مندر میں امتناعی احکام سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کرنے لگے ۔ یو ڈی ایف کے 3 ارکان وی ایس شیوا کمار (کانگریس)’ پی عبداللہ (مسلم لیگ) اور این جئے راج (کیرل کانگریس مانی) گزشتہ 10 دن سے ان احکامات پر پابندی ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان کے پورٹیگو پر ستیہ گرہ کررہے ہیں۔ ان 3 ارکان اسمبلی کے غیر معینہ مدت کی ستیہ گرہ کے باوجود اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ وزیراعلی پنارائی وجین نے اس مسئلہ پر مباحث اور اس کے حل میں داخلہ سے انکار کردیا۔ اپوزیشن لیڈر رمیش چنی تھلا نے بعد ازاں صحافیوں کو بتایا کہ حکومت کا موقف افسوسناک ہے ۔ اسپیکر سری راما کرشنن کے پوڈیم کے سامنے بیانرس اور پلے کارڈس کا مظاہرہ کرتے ہوئے یو ڈی ایف کے ارکان نے نعرے بازی کی۔ ایوان میں اس وقت وقفہ سوالات چل رہا تھا۔ جب اسپیکر نے ان کی نشستوں پر واپس جانے کی درخواست کی تو اس کا ان پر کوئی اثر نہیں ہوا۔ بعد ازاں سیشن کی کارروائی جمعرات تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔