سبرتا رائے کے مقدمہ کی سماعت ملتوی

نئی دہلی ۔ 10 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سہارا گروپ سربراہ سبرتا رائے کو آج ایک اور جھٹکہ پہونچا کیونکہ سپریم کورٹ نے کل ہونے والی سماعت کو ملتوی کردیا ہے ۔ رقمی واپسی کیلئے وہ کسی طرح کی ٹھوس تجویز نہیں پیش کرسکے جس کی بناء عدالت نے کارروائی ملتوی کی جس کے سبب سبرتا رائے کو غیرمعینہ مدت کیلئے جیل میں رکھا جاسکتا ہے ۔ سپریم کورٹ میں 7 مارچ کو سماعت کے دوران عدالت نے سہارا گروپ کو یہ ہدایت دی تھی کہ سرمایہ کاروں کی جمع شدہ 20 ہزار کروڑ روپئے کی رقم کی واپسی کے سلسلے میں وہ مثبت تجویز پیش کریں اور مقدمہ کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی تھی۔ سبرتا رائے کے وکلاء نے کہا کہ کل سماعت کی صورت میں وہ سبرتا رائے کو پولیس تحویل میں بھیجنے کی درخواست کا مسئلہ اُٹھاسکتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ویب سائیٹ پر کل سماعت کے لئے پیش ہونے والے مقدمات کی فہرست میں سبرتا رائے کے مقدمہ کا تذکرہ نہیں کیا گیا ہے ۔ اسے ملتوی کرنے کی وجہ نہیں بتائی گئی لیکن سہارا گروپ کے وکیل نے اس پر تعجب کا اظہار کیا ہے ۔