نئی دہلی۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)سہارا سربراہ سبرتا رائے مزید ایک ہفتہ جیل ہی میں رہیں گے کیونکہ ان کے وکلاء کے مطابق سبرتا رائے اور دو ڈائریکٹرس کی ضمانت پر رہائی کیلئے درکار 10 ہزار کروڑ روپئے کی رقم کا فوری انتظام مشکل ہے۔ ایک دن قبل سپریم کورٹ نے ضمانت کیلئے یہ شرط رکھی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ وہ 5 ہزار کروڑ روپئے کی نقد رقم اور مابقی 5 ہزار کروڑ روپئے کی بینک گیارنٹی فراہم کرسکتے ہیں۔
سپریہ سولے کے اثاثہ جات کا تخمینہ 31.62 کروڑ روپئے
پونے 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بارہ متی حلقہ سے این سی پی امیدوار سپریا سولے جو موجودہ ایم پی اور پارٹی صدر شردپوار کی دختر ہیں، نے آج اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ پیش کیا ہے جو 31.62 کروڑ روپئے ہے۔ الیکشن کمیشن میں داخل حلف نامہ میں انکشاف کیا گیا جبکہ اُن کے خاندان کے جملہ اثاثہ جات کا تخمینہ 113.87 کروڑ روپئے لگایا گیا ہے ۔
راج ببر کے خلاف ایف آئی آر
غازی آباد 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) غازی آباد سے کانگریس امیدوار راج ببر کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی پیروی نہ کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اُنھوں نے پیلا کنواں علاقہ میں اپنے روڈ شو کو مقررہ وقت گزر جانے کے باوجود بھی جاری رکھا۔ دریں اثناء پولیس نے بتایا کہ اداکار سے سیاستداں بننے والے راج ببر نے رات 10 بجے تک روڈ شو کے انعقاد کے لئے اجازت حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس عہدیداروں کے انکار کے باوجود اُنھوں نے رات دیر گئے تک اپنا روڈ شو جاری رکھا۔ ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ راجکمار سنگھ نے کہاکہ راج ببر نے شام کے اوقات میں روڈ شو کے انعقاد کی اجازت طلب کی تھی لیکن ہم نے اُنھیں اجازت نہیں دی اس کے باوجود اُنھوں نے روڈ شو کا جاری رکھا۔