سبرتا رائے کو گرفتار کرنے سپریم کورٹ کا حکم

نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج سہارا کے سربراہ سبرتا رائے کے خلاف ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے کیونکہ وہ آج بھی عدالت میں پیش ہونے میں ناکام رہے۔ ایک مقدمہ میں عدالت نے ان کی دو کمپنیوں کو 20 ہزار کروڑ روپئے کی رقم سرمایہ کاروں کو واپس کرنے کی ہدایت دی تھی اور اسی مقدمہ کے سلسلہ میں انہیں حاضرعدالت ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔ جسٹس کے ایس رادھا کرشنن اور جسٹس جے ایس کیہر پر مشتمل بنچ نے کہا کہ سبرتا رائے نے کل شخصی حاضری سے استثنیٰ کی جو درخواست دی تھی اسے ہم نے پہلے ہی مسترد کردیا تھا۔ وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ہم ان کے خلاف ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کررہے ہیں، جو 4 مارچ تک قابل عمل ہوگا۔ سینئر ایڈوکیٹ رام جیٹھ ملانی نے سبرتا رائے کی پیروی کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ وہ ان کی 95 سالہ ماں کی شدید علالت کے باعث حاضر ہونے سے قاصر ہیں، جس پر عدالت نے برہمی کے عالم میں جواب دیا کہ عدالت کے ہاتھ کافی لمبے ہیں۔