سبرامنیم سوامی کے خلاف جیہ للیتا کی جانب سے مزید دو شکایتیں

چینائی 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) تملناڈو وزیراعلی جیہ للیتا نے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کے کوئیٹر پر کئے گئے توہین آمیز تبصرہ کے خلاف ہتک عزت کے مزید دو مقدمات دائر کئے ہیں۔ پرنسپل سیشن کورٹ کے اجلاس میں سٹی پبلک پراسیکیوٹر ایچ سی جگن نے جیہ للتا کی جانب سے مقدمات دائر کئے ۔ سی پی پی نے استدلال پیش کیا کہ 20 ستمبر کو سوامی جانب سے ٹوئیٹر پر کئے گئے تبصرہ انتہائی توہین آمیز تھے۔ انہوں نے کہا کہ جیہ للیتا ایک مقبول عوامی لیڈر ہیں اور ان کا نہ صرف ریاست تملناڈو بلکہ پورے ملک میں احترام کیاجاتاہے جبکہ سوامی کے جو تبصرے کئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں غیر مصدقہ ہیں۔ 17 ستمبر کو جیہ للیتا کے اثاثہ جات کے بارے میں ٹوئیٹر پر کئے گئے ایک اور تبصرہ کے خلاف بھی سوامی کو ہتک عزت کے دیگر مقدمہ کا سامنا ہے۔ سی پی پی کے مطابق سوامی کے تبصرے گمراہ کن ہیں جن سے عوام کی نظروں میں جیہ للیتا کی وقعت کم ہوجانے کا اندیشہ ہے ۔ 17 ستمبر کو ایک مقامی عدالت نے سوامی کے نام سمن جاری کریت ہوئے انہیں 30 اکٹوبر کو حاضر عدالت ہونے کا حکم دیا تھا جو سری لنکائی حکومت کی جانب سے گرفتار کئے گئے تملناڈو مچھیروں کے بارے میں دیئے گئے ایک متنازعہ بیان کا شاخسانہ تھا۔