سبرامنیم سوامی کیخلاف ووہرہ کی درخواست

ٹوئیٹر پر تبصروں سے باز رکھنے انجنکشن آرڈر جاری کرنے کی اپیل
نئی دہلی۔ 6 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر موتی لال ووہرہ نے دہلی کی ایک عدالت سے آج کہا کہ بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی سوشیل میڈیا پر تبصروں کے ذریعہ نیشنل ہیرالڈ کیس کی عدالتی کارروائیوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ ووہرہ کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے ایک سینئر ایڈوکیٹ آر ایس چیمہ نے ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ سمروشال سے کہا کہ سبرامنیم سوامی ٹوئیٹس کے ذریعہ اس مقدمہ میں ماخوذ افراد کی کردارکشی میں ملوث ہورہے ہیں۔ وکیل صفائی نے مزید کہا کہ ’’شکایت گذار (سوامی)، اس مقدمہ میں ملزمین کی پیروی کرنے والے وکلاء کی توہین کررہے ہیں نیز سماعت کے بارے میں تبصرے کرتے ہوئے مقدمہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش بھی کررہے ہیں‘‘۔ ووہرہ نے جن کی پیروی ترنم چیمہ بھی کررہے ہیں، عدالت سے درخواست کی کہ سوامی کو ایک کیس کے بارے میں ٹوئیٹر پر تبصرے کرنے سے باز رکھنے کیلئے ’انجنکشن آرڈر‘ جاری کیا جائے۔ عدالت نے اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 20 اکتوبر کو مقرر کی ہے۔ اس روز سوامی اس درخواست پر اپنا جواب دیں گے۔ درخواست گذار نے بی جے پی لیڈر کو عدالتی کارروائی کے افشاء سے روکنے کی اپیل کی۔