سبا ریڈی کو رکن راجیہ سبھا منتخب کرنے جگن کا فیصلہ

حیدرآباد /4 جون ( سیاست نیوز ) قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی و سابق رکن پارلیمان مسٹر وائی ایس سبا ریڈی کے معاملہ میں صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے اہم فیصلہ کئے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں اور مسٹر وائی ایس سبا ریڈی کو رکن راجیہ سبھا منتخب کروانے کا مسٹر جگن موہن ریڈی نے فیصلہ کیا ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ اور کہا کہ اگر پانچ سال کے دوران کبھی بھی وائی ایس آر کانگریس پارٹی این ڈی اے میں شامل ہونے کی صورت میں مسٹر وائی وی سبا ریڈی کو مرکزی وزارت میں بہرصورت موقع فراہم ہونے کا قوی امکان پایا جاتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2014 میں منعقدہ لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا اونگول سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیکر مسٹر وائی وی سبا ریڈی نے شاندار اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ لیکن ریاست میں گذشتہ دنوں منعقدہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے حلقہ لوک سبھا اونگول کیلئے مسٹر وائی ایس سباریڈی نے پارٹی ٹکٹ دینے کی خواہش کی تھی ۔ لیکن مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنی جامع حکمت عملی اختیار کرکے تلگودیشم پارٹی سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے والے مسٹر ایم سرینواسلو ریڈی کو حلقہ لوک سبھا اونگلور سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی امیدوار کی حیثیت سے پارٹی ٹکٹ فراہم کیا اور انتخابی نتائج میں حلقہ لوک سبھا اونگول سے مسٹر سرینواسلو ریڈی نے شاندار کامیابی حاصل کی ۔ جبکہ مسٹر وائی ایس سبا ریڈی نے انتخابات میں انہیں پارٹی ٹکٹ فراہم نہ کرنے کی وجہ سے ابتداء میں اپنی ناراضگی کا ضرور اظہار کیا تھا ۔