ساوتھ سنٹرل ریلوے کی گولڈن جوبلی

نکلیس روڈ سے سوچھ بھارت رن ۔ جنرل منیجر رویندرگپتا کا خطاب
حیدرآباد 2اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ساوتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر رویندرگپتا کی قیادت میں یہاں نکلس روڈ ریلوے اسٹیشن سے سوچھ ریل سوچھ بھارت رن نکالی گئی جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اسٹیشن میں پرجوش شرکاء کا ہجوم امڈ پڑاجو اس رن میں حصہ لینے کے لئے یہاں پہنچے ۔ شرکاء میں ریلوے کے افسر’ اسٹاف ‘ ان کے ارکان خاندان ‘ریلویزکے کھلاڑی ‘ ٹرین استعمال کرنے والے افراد اور عوام الناس نے اس مشترکہ کاز میں حصہ لیا۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کی گولڈن جوبلی کے موقع پر یہ رن نکالی گئی۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کا قیام 2اکتوبر 1966کو گاندھی جی کے یوم پیدائش کے موقع پر عمل میں آیا تھا۔یہ رن انڈین ریلویز کے سوچھ ریل ‘ سوچھ بھارت مشن کے تین سال کے موقع پر بھی منعقد کی گئی کیوں کہ 2اکتوبر 2014کو ہی سوچھ بھارت مشن کی شروعات ہوئی تھی۔رن کے اختتام کے بعد خطاب کرتے ہوئے گپتا نے ٹرین استعمال کرنے والوں پر زور دیا کہ وہ سوچھ ریل ۔ سوچھ بھارت مشن کو کامیاب بنائیں۔ اس دن کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے جنرل منیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے نے کہا کہ گولڈن جوبلی ابھی بھی مزید شدت کے سا تھ صاف ریلویز کے مقصد کو ظاہر کرتا ہے ۔ یہ زون خوش قسمت ہے کیوں کہ اس کا قیام بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر ہوا ہے اور یہ صاف صفائی کے تئیں مشن کی تکمیل کررہا ہے ۔ یہ مشن گاندھی جی کوبھی پیارا تھا۔ انہو ں نے ٹرینوں اور اسٹیشنوں میں صفائی میں مزید اضافہ سے متعلق ساوتھ سنٹرل ریلوے کے منصوبوں سے بھی واقف کروایا۔