حیدرآباد ۔ 26 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : سرکاری محکموں کے متعلق سرکاری محکمہ جات میں شکایت کرنا اب تک بے فیض تصور کیا جاتا تھا اور یہ کہا جاتا تھا کہ کوئی سرکاری عہدیدار اپنے محکمہ کے ملازمین کے خلاف کارروائی نہیں کرتا ۔ اسی لیے شکایت کرنا ہی بے فیض ہے لیکن اب سرکاری محکمہ جات بھی عصری ٹکنالوجی کے ذریعہ شکایات کی وصولی اور ان کو دور کرنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات سے شکایت کنندہ کو واقف کروانے لگے ہیں ۔
عموما عوامی خدمات سے جڑے محکمہ جات کی جانب سے اس طرح کے شکایتی سیل سے عوام کو کافی راحت حاصل ہوگی اور یہ خدمات ہر محکمہ تک پہنچنی چاہئے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے شروع کردہ اس خدمت کے ذریعہ مسافرین اپنی شکایات صرف ایک ایس ایم ایس کے ذریعہ ریلوے کے اعلی عہدیداروں کو کرسکتے ہیں جس کی وصولی کے ساتھ ہی ایک ریفرنس نمبر کے ساتھ جوابی ایس ایم ایس وصول ہوگا ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے مسافرین کی راست شکایات بذریعہ ایس ایم ایس وصول کرتے ہوئے ان پر کارروائی کا آغاز کیا ہے ۔
ریلوے مسافرین اپنے سفر کے متعلق خواہ وہ ٹکٹ کی بکنگ ہو یا پھر کوئی اور مسئلہ میں انہیں دشواری پیش آرہی ہو صرف ایک ایس ایم ایس کے ذریعہ اپنی شکایت درج کرواسکتے ہیں اور اس شکایات پر ہونے والی کارروائی سے آگاہی بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔ ریلوے مسافرین خواہ وہ کوئی ٹرین سرویس کیوں نہ استعمال کرتے ہوں انہیں شکایت درج کروانے کا حق حاصل ہے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے جو خدمات شروع کی ہیں اس کے اعتبار سے شکایت کرنے والے مسافر کو صرف 81212-81212 پر اپنی شکایت تحریر کرتے ہوئے ایس ایم ایس کرنا ہوگا اس کی شکایت فوری درج کرلی جاتی ہے اور اس پر کارروائی کا بھی اندرون 24 گھنٹے آغاز کردیا جاتا ہے ۔
محکمہ ریلوے کے بموجب اس خدمات کا آغاز کئے ہوئے کافی عرصہ ہوچکا ہے لیکن عوام میں شعور نہ ہونے کے سبب خدمات سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد کافی کم ہے لیکن توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا چونکہ شکایت درج کروانے کے مختلف طریقہ کار ہیں اسی لیے شائد ایس ایم ایس پر شکایات کی وصولی کم ہورہی ہے لیکن اس سہولت کی تشہیر کی صورت میں عوام ایس ایم ایس کے ذریعہ شکایت کو ہی ترجیح دینے لگیں گے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نمبر پر ہر ماہ تقریبا ایک ہزآر مختلف نوعیت کی شکایات موصول ہوتی ہیں جن کا جائزہ لیتے ہوئے ان پر اندرون 24 گھنٹے کارروائی کا عمل شروع ہوجاتا ہے ۔ ایس ایم ایس کے ذریعہ کی جانے والی شکایات پر ہونے والی عاجلانہ کارروائی کے سبب یہ سہولت عوام میں بہت تیزی سے مقبول ہورہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ عوامی شکایات کی یکسوئی کی راست نگرانی ایڈیشنل جنرل مینجر ساوتھ سنٹرل ریلوے کرتے ہیں جو کہ بہ اعتبار عہدہ ڈائرکٹر شکایتی سیل بھی ہوتے ہیں ۔
ایس ایم ایس کے ذریعہ کی جانے والی شکایت کے اندراج کے فوری بعد ایک ریفرنس نمبر پر مشتمل جوابی ایس ایم ایس موصول ہوتا ہے اور اس ریفرنس نمبر کے ذریعہ شکایت کنندہ اپنی شکایت کے موقف کے متعلق معلومات حاصل کرسکتا ہے ۔ اس شکایت کے طریقہ کار میں یہ خاص بات ہے کہ شکایت کنندہ اپنی شکایت کے ریفرنس نمبر کے ذریعہ شکایت پر کی جانے والی کارروائی کے متعلق نہ صرف بذریعہ ایس ایم ایس معلومات حاصل کرسکتا ہے بلکہ ساوتھ سنٹرل ریلوے کی ویب سائٹ پر بھی اس کی مکمل تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ محکمہ ریلوے کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے عصری ٹکنالوجی سے محکمہ کو آراستہ کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے اور اسی کوشش کے طور پر مسافرین اور محکمہ کے عہدیداروں کے درمیان موجود خلاء کو دور کرنے کے لیے ریلوے کی جانب سے 81212-81212 خدمات کا آغاز کیا گیا ہے ۔ اس نمبر پر مسافرین نہ صرف شکایات روانہ کرسکتے ہیں بلکہ وہ خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز و مشورے بھی اس نمبر پر بذریعہ ایس ایم ایس روانہ کرسکتے ہیں ۔۔