سال 2019 انتخابات میں تلگودیشم کو بھاری اکثریت ملے گی

کے سی آر کے بنگلہ پر تلگودیشم کاپرچم ہوگا، صدر تلنگانہ ٹی ڈی پی ایل رمنا کا بیان
حیدرآباد۔/26مارچ ، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سال 2019 تک منعقد ہونے والے عام انتخابات کیلئے تلگودیشم پارٹی ایک نئی طاقت کے ساتھ ابھرے گی، بلکہ آئندہ دنوں میں بیگم پیٹ میں واقع مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سرکاری رہائش گاہ پر تلگودیشم پارٹی کا پرچم لہرایا جائے گا۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے تلگودیشم پارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ اظہار خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلگودیشم پارٹی کو ریاست تلنگانہ میں دیہی سطح سے از سر نو کارکرد و فعال بناتے ہوئے ایک نئی طاقت عطا کی جائے گی۔ انہوں نے پارٹی قائدین و کارکنوں سے پارٹی کو ہر سطح پر مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے تیار ہوجانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے میں پارٹی قائدین و کارکنوں کا بھی اہم رول ہوا کرتا ہے اور تلگودیشم پارٹی میں قائد و کارکن اپنا مضبوط موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی دیہی سطح تا منڈل و ضلع سطح پر نئی کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے پارٹی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر ایل رمنا نے پارٹی قائدین و کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کو برسراقتدار لانے کے مقصد سے ابھی سے ہی سرگرم عمل ہوجائیں۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے مسٹر چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے وعدوں اوردیئے ہوئے تیقنات کو پورا نہ کرنے کی وجہ سے عوامی اعتماد کھورہی ہے۔ لہذا اس صورتحال سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مرکزی وزیر مسٹر سوجنا چودھری نے بھی تلگودیشم پارٹی کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں ضلع تلگودیشم پارٹی کے صدور، حلقہ جات اسمبلی کے انچارجس، سابق ارکان کونسل کے علاوہ کارگزار صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی، ارکان پولیٹ بیورو ایم نرسمہلو، آر چندر شیکھر ریڈی، سینئر قائدین تلگودیشم پارٹی ای پیدی ریڈی، وی نریندر ریڈی، ان ناگیشور راؤ، جی موہن راؤ، شریمتی اوما مادھوریڈی، امرناتھ بابو ، اے نرسا ریڈی، آر پرکاش ریڈی، شریمتی مینکا، یونس اکبانی، محمد تاج الدین، صدر تلگودیشم پارٹی اقلیتی سل و دیگر قائدین بھی شریک تھے۔