سال 2012 سے 4 لاکھ سے زائد مکانات کی تعمیر

نئی دہلی ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت نے سلم علاقوں کی ترقی کے لیے 2012 سے تقریبا 6,300 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں جس کے دوران 4 لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے ہیں مرکزی مملکتی وزیر امکنہ و شہری ترقیات بابل سپریو نے آج لوک سبھا میں ایک تحریری سوال کے جواب میں یہ اطلاع دی اور بتایا کہ 2 مرکزی اسکیمات جواہر لال نہرو نیشنل اربن رینول مشن اور راجیو آواس یوجنا کے تحت مالیاتی سال 2012-13 اور 2015-16 کے درمیان تقریبا 4.04 لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے اور اس خصوصی میں مرکزی حکومت نے 6301.21 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں ۔

 

ملک بھر میں 1000 ریلوے اسٹیشن کو ترقی دینے کا دعویٰ
نئی دہلی ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر ریلوے سریش پربھو نے آج بتایا ہے کہ ملک بھر میں 1000 سے زائد ریلوے اسٹیشنس کو آدرش اسٹیشن کے طور پر ترقی دی گئی ہے جہاں پر بنیادی سہولیات بیت الخلاء ، پینے کا پانی ، اشیائے خورد و نوش کی سربراہی اور انتظار گاہیں فراہم کی گئی ہیں ۔ انہوں نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران بتایا کہ آدرش اسٹیشنس اسکیم سال 2009-10 میں شروع کی گئی تھی جس کے تحت 1,052 اسٹیشنوں کی نشاندہی کی گئی اور سال 2014-15 میں 946 اسٹیشن کو ترقی دی گئی ۔