مودی حکومت میں گاؤں گاؤں میں روشنی ، یوپی میں تسلی بخش پیشرفت
لکھنؤ،20ستمبر(سیاست ڈاٹکام)اترپردیش میں مرکز کی نریندر مودی حکومت کی پر عزم سوبھاگیے یوجنا کی عمل درآمدگی بہترین طریقے سے ہونے کا دعوی کرتے ہوئے توانائی کے مرکزی وزیر مملکت(آزادانہ چارج)آر کے سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ سال کے آخر تک ریاست کا کونا کونا بجلی سے روشن کردیا جائے گا۔مسٹر سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ سوبھاگیے یوجنا کی عمل درآمدگی کے سلسلے میں اترپردیش میں پیش رفت تسلی بخش ہے جس سے پرجوش ہوکر مرکزی حکومت نے یہاں بجلی کاری کا ہدف اگلے سال مارچ سے گھٹاکر اسی سال کے آخر تک پورا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس دوران بجلی سے روشن ہونے والے ہر گاؤں ،ہر تحصیل اور قصبے میں باقاعدہ جشن منایا جائے گا جس میں محکمہ توانائی کی گاڑی علاقے بھر میں گھوم گھوم کر بجلی کاری کا کام پورا ہونے کا اعلان کرے گی اور اگر کوئی گھر بجلی کی پہنچ سے دور رہ گیا ہوگیا تو اسی گاڑی میں درخواست دینے کا انتظام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سوبھاگیے یوجنا کے تحت پورے ملک میں اگلے سال مارچ کے آخر تک تین کروڑ 60لاکھ گھروں میں بجلی پہنچانے کا ہدف طے کیاگیا تھا۔جس میں اترپردیش میں ایک کروڑ 18لاکھ گھروں کو بجلی سے روشن کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوجنا کے تحت اب تک 54لاکھ گھروں میں بجلی کنکشن پہنچا دئے ہیں جبکہ 64لاکھ گھروں کو ابھی بجلی سے روشن کرنا باقی ہے ۔وزیرمملکت نے کہا کہ قصبوں،گاؤں تحصیلوں میں بجلی پہنچانا بڑا چیلنج تھا حالانکہ حکومت کو اس کام میں امید کے مطابق کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔اس سے پرجوش حکومت نے باقی کے کام کو اب 31مارچ 2019تک نمٹانے کے بجائے اسے اسی سال 31دسمبر تک پورا کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے ۔