سالار جنگ میوزیم میں کل ایرانی و ہندوستانی خطاطی کی نمائش

صدارت جناب زاہد علی خاں کرینگے ، مولوی نذیر احمد سلامی ایم پی ایران مہمان خصوصی
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : عید میلاد النبیؐ کے مبارک و مسعود موقعہ پر ایران اور ہندوستان کے نامور خطاطوں کے نادر و نایاب فنی شاہکاروں کی نمائش کا 3 جنوری کو ریاست کے وزیر اعلی جناب محمد محمود علی سالار جنگ میوزیم کے نواب میر تراب علی خاں بھون میں افتتاح انجام دیں گے ۔ ایرانی پارلیمنٹ کے رکن مولوی نذیر احمد سلامی مہمان خصوصی ہوں گے اور افتتاحی تقریب کی صدارت جناب زاہد علی خاں مدیر اعلی روزنامہ سیاست کریں گے ۔ آقائی حسن نوریان قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران مہمان اعزازی ہوں گے ۔ اس نمائش میں ہند اور ایران کے دس نامور فنکاروں کے شاہکار نمونے نمائش کے لیے رکھے جائیں گے جو مختلف خطوط میں ہیں ۔ ایران کے تین خطاط آقائی مجید شریفیان ، آقائی سعید یزداں مہر ، آقائی احمد خوش حساب کے فنی شاہکار اہل حیدرآباد کے لیے پہلی مرتبہ نمائش میں رکھے جائیں گے ۔ خطاطی کے یہ نمونے خط شکستہ میں ہیں اور اپنی نظیر آپ ہیں ۔ اکثر وصلیاں آرائشی کام سے مزین ہیں جو ایرانی فنکاروں کا خاصہ ہے ۔ جناب احمد علی صدر شعبہ مخطوطات سالار جنگ میوزیم کے بموجب ایرانی خطاط 3 تا 9 جنوری نمائش کے دوران خطاطی کا عملی مظاہرہ کریں گے ۔ اور یہ اہل حیدرآباد کے لیے پہلا موقعہ رہے گا کہ تین خطاط عملی مظاہرہ کریں گے ۔ ادارہ سیاست ، قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران ، انجمن خوشنویساں کا شان و خوشنویساں بادرود اور سالار جنگ میوزیم کے اشتراک سے اس نمائش کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے جو 9 جنوری تک جاری رہے گا ۔ جناب علی اکبر نیرو مند نمائش کی آرائش اور اس کے انعقاد میں سرگرداں ہیں ۔ حیدرآباد کے جن فنکاروں کے نمونے نمائش میں رکھے گئے ہیں ان میں جناب نعیم صابری ، جناب محمد عبداللطیف ، جناب رضی الدین اقبال ، ناصرالدین وقار ، جناب موسیٰ یداللہی ، حافظہ مبینہ بیگم ، جناب فہیم ، جناب نصیر سلطان قابل ذکر ہیں ۔۔