سالار جنگ میوزیم سرقہ واقعہ میں پولیس کو اہم سراغ دستیاب

حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) سالار جنگ میوزیم سے قیمتی ٹفن باکس کے بشمول نادر اشیاء کے سرقہ کیس میں پولیس کو اہم سراغ دستیاب ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ وہ اس کیس میں مزید پیشرفت کرے گی۔ 2 ستمبر کی شب میوزیم کی تیسری گیلری سے قیمتی اشیاء سرقہ کی گئی تھیں جس کے بعد پولیس کی 15 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں میں واضح تصاویر ظاہر نہیں ہوئیں تاہم پولیس کو اس واقعہ کے اہم سراغ دستیاب ہوئے ہیں اور بہت جلد اس کیس کی تہہ تک پہنچنے کی توقع ہے۔15 ٹیمیں اپنا کام تیزی سے انجام دے رہی ہیں۔ عہدیدار نے کہا کہ سالار جنگ میوزیم میں جو کچھ سیکورٹی کوتاہیاں ہوئی ہیںاس کے تعلق سے متعلقہ عہدیداروں کو واقف کرایا گیا ہے تاہم اس واقعہ میں میوزیم کے کسی بھی ملازم کے ملوث ہونے کے معاملہ کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ سالار جنگ میوزیم کے شوکیسوں میں نظام عثمان علی خاں کے اکٹھا کردہ قیمتی اشیاء کو رکھا گیا ہے۔