سالار جنگ برج پر گندگی سے دوپہئیہ گاڑیوں کو حادثات

حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) محکمہ بلدیہ کی لاپرواہی و غفلت کے نتیجہ میں سالار جنگ برج پر ڈمپ یارڈ کی گندگی پھیلنے کی وجہ سے آج کئی موٹر سائیکل سوار حادثہ کا شکار ہوگئے۔ شہر میں ہلکی سی بوندا باندی کے نتیجہ میں ڈمپ یارڈ کے باہر ناقص صفائی اور کچرے کی وجہ سے گندگی پھیل رہی ہے جس کے نتیجہ میں راہرو پھسل کر گررہے ہیں۔ کچرے کی گاڑیوں کی آمد و رفت کے نتیجہ میں کچرا سڑک پر گررہا ہے جس کی وجہ سے سڑک پر چکناہٹ پیدا ہورہی ہے۔ جمعرات کی شام بھی ہلکی بوندا باندی کے بعد کئی افراد کی موٹر سائیکلیں پھسل گئیں۔ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن جانے والے مسافرین کو دشواریوں کا سامنا ہے اور گندگی کی صفائی کیلئے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی حکام کے علاوہ ٹریفک پولیس بھی خواب غفلت میں ہے اور یہ واقعات مہلک ثابت ہوسکتے ہیں۔ موسم بارش کا آغاز ہوچکا ہے ایسے میں بلدیہ و ٹریفک حکام کو چوکس رہتے ہوئے اِن واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنا چاہئے۔