سالارجنگ میوزیم کے روبرو 208 کروڑ سے پل کی تعمیر

ٹھیلہ بنڈی والوں کو جگہ کی فراہمی، پرانے شہر میں مختلف کاموں کیلئے 275 کروڑ کی منظوری
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون (سیاست نیوز) حکومت نے پرانے شہر میں مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے 275 کروڑ سے زائد کی منظوری دی ہے۔ محکمہ بلدی نظم و نسق کے سکریٹری اروند کمار نے پانچ مختلف احکامات جاری کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کیلئے رقومات کو منظوری دی۔ سالار جنگ میوزیم کے روبرو پیدل راہرو برج کی تعمیر کیلئے 208 کروڑ 50 لاکھ روپئے کی منظوری دی گئی ہے۔ حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن اس پراجکٹ کی تکمیل کرے گا۔ پیدل راہداری برج کے علاوہ سیلر پارکنگ اور ہاکرس کو کاروبار کے لئے جگہ فراہم کی جائے گی۔ حکومت نے پراجکٹ کی تکمیل کیلئے ٹنڈرس طلب کرنے کی اجازت دی ہے۔ مالیاتی سال 2018-19 ء میں 749 کروڑ 99 لاکھ کی بجٹری سپوٹ اور بینکوں اور مالیاتی اداروں سے 1500 کروڑ کے خرچ سے مذکورہ پراجکٹ کے اخراجات کی تکمیل کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ حکومت نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت تاریخی عمارت کے اطراف ٹھیلہ بنڈی کاروبار کو دوسرے مقام پر منتقل کردیا۔ ہاکرس کو پنچ محلہ کے قریب عارضی جگہ فراہم کی گئی۔ حکومت نے ٹھیلہ بنڈی کاروباریوں کو سالار جنگ میوزیم کے روبرو نئے تعمیر کئے جانے والے پیدل راہرو برج پر جگہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے کوہِ مولا علی کیلئے ریمپ کی تعمیر کے سلسلہ میں 25 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ ریمپ کی تعمیر سے زائرین کو بارگاہ تک پہنچنے میں سہولت ہوگی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ریمپ کی تعمیر کو انتظامی منظوری دی ہے۔ کشن باغ روڈ کراسنگ تا موسیٰ ندی تک کشن باغ نالہ کی دیواروں کی تعمیر کیلئے 7 کروڑ 70 لاکھ روپئے کی منظوری دی گئی ۔ مرکی نالہ پلے چیروو تا علی نگر دونوں جانب ری ماڈلنگ کے لئے 20 کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ اس کے علاوہ ابراہیم باغ نالہ کی تعمیر اور آر سی سی ریٹیننگ وال کی تعمیر کیلئے 14 کروڑ 70 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ ان ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد آئندہ ماہ جولائی میں رکھا جائے گا۔ چیف منسٹر نے پرانے شہر کیلئے1200 کروڑ کے منصوبہ کا اعلان کیا تھا جس کے تحت مختلف مراحل میں کاموں کی منظوری دی جارہی ہے۔