کولمبو 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)سری لنکا کے نومنتخبہ صدر میتری پالا سری سینا نے آج کہا کہ انہیں صدارتی انتخابات میں کامیابی سے محروم کردینے کی سازش کی گئی تھی حالانکہ 8 جنوری کے صدارتی انتخابات کے نتائج سے اُن کی کامیابی ثابت ہوچکی تھی ۔ اس مسئلہ پر اُن کا یہ اولین تبصرہ تھا ۔ قبل ازیں وزیر خارجہ سری لنکا منگلا سمرا میرا نے ایک شکایت درج کروائی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ سابق صدر راجے پکسے اور ان کے قریبی ساتھیوں نے انتخابات میں اپنی شرمناک ناکامی کے بعد موجودہ صدر کے خلاف فوجی بغاوت کا منصوبہ بنایا تھا تا کہ سابق صدر اپنے عہدہ پر برقرار رہ سکے ۔ راجے پکسے نے ان الزامات کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا تھا کہ انتخابی نتائج کے اعلان سے پہلے ہی انہوں نے اپنی سرکاری قیام گاہ کا تخلیہ کردیا تھا تا کہ اقتدار بلا رکاوٹ منتقل ہوسکے ۔ 63 سالہ سری سینا نے الزام عائد کیا کہ دو معیاد تک صدر برقرار رہنے والے راجے پکسے نے انہیں نشانہ بناکر مہلک حملے کرنے کی سازش کی تھی ۔