چندرابابو نائیڈو کے ناقابل عمل وعدے : جگن
کرنول ۔5مئی ( پی ٹی آئی) وائی ایس آر کانگریس سربراہ جگن موہن ریڈی نے دعویٰ کیا کہ سیما آندھرا میں 7مئی کے انتخابات ’’دیانتدارانہ اور حقیقی کام کرنے والی سیاست ‘‘ اور دوسری طرف ’’سازش و موقع پرستی کی سیاست ‘‘ کے مابین لڑائی ہے ۔ انہوں نے عوام سے وائی ایس آر کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی اور ساتھ ہی ساتھ ناممکن و بلندبانگ دعویٰ کرنے والوں کو مسترد کرنے کی خواہش کی۔انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جگن نے کہا کہ ان کی پارٹی تلگوعزت نفس کا تحفظ کرے گی جسے بعض طاقتوں نے مرکز کے حوالے کردیاہے اور وہ دہلی سے جاری ہونے والے احکامات کی تابعداری کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وائی ایس آرکانگریس کامیابی حاصل کرے گی اور دہلی میں طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست کو ترقی دینے کیلئے خاطرخواہ فنڈس حاصل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جس شخص کو کبھی کسانوں کا خیال نہیں آیا آج وہ زرعی قرضے معاف کرنے کا ناممکن وعدہ کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو رقم معاف کرنے کا وعدہ کیا جارہا ہے ریاستی بجٹ اس سے کافی کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم نے نشستوں کی خاطر بی جے پی کے سامنے خودسپردگی اختیار کرلی ہے۔