سارے ملک میں کنکریٹ کی سڑکیں ہوں گی: گڈکری

تھانے 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ملک میں تمام سڑکیں سمنٹ ۔ کنکریٹ میں تبدیل کی جائیں گی تاکہ اُن کے استحکام اور پائیداری کو یقینی بنایا جاسکے۔ گڈکری نے پڑوسی نوی ممبئی کے علاقے واشی میں کل رات ایک ایونٹ میں کہاکہ ممبئی میں سمنٹ کنکریٹ کی سڑکیں 20 سال قبل تعمیر کردی گئیں جو ہنوز اچھی حالت میں ہیں۔ لیکن بعض سیاسی قائدین، بیوروکریٹس اور کنٹراکٹرس نہیں چاہتے کہ ایسی سڑکیں ممبئی میں تعمیر ہونی چاہئے۔ اِن لوگوں کا احساس ہے کہ ناپائیدار سڑکیں ہونی چاہئے جن پر وقفہ وقفہ سے گڑھے پڑتے رہیں اور اُن کا کام ہوتا رہے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ ملک کی تمام سڑکوں کو سمنٹ کنکریٹ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے اور میں ضمانت دیتا ہوں کہ وہ 200 سال تک پختہ رہیں گی۔ گڈکری ماضی میں مہاراشٹرا کے وزیر تعمیرات رہ چکے ہیں اور اُن کے خیالات کو ممبئی اور اُس کے مضافات کی سڑکوں کی ناقص حالت پر عوامی تنقیدوں کے پس منظر میں دیکھا جارہا ہے۔