سارے ملک میں بی جے پی کی نفرت کی سیاست

تلنگانہ مسلح جدوجہد کی یاد میں ریالی، کے نارائنا اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔11ستمبر(سیاست نیوز) سینئر کمیونسٹ قائد ڈاکٹر کے نارائنہ نے تلنگانہ مسلح جدوجہد کے نام پر تلنگانہ میں فرقہ پرستی کو فروغ دینے کا بی جے پی پر الزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ مسلح جدوجہد کسی مسلم حکمران او رہندوریاعا کے درمیان میںانصاف کی لڑائی کا نام نہیں تھا۔ آج یہاں امبیڈکر مجسمہ سے تلنگانہ مسلح جدوجہد کی یاد میں نکالی گئی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح سارے ملک میںبی جے پی نفرت کی سیاست کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے کی کوششیں کررہی ہے اسی طرح تلنگانہ میں بھی مسلح جدوجہد کو فرقہ وارانہ رنگ دیکر ریاست میں سیاسی استحکام حاصل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر کے نارائنہ نے بی جے پی پر تلنگانہ مصلح جدوجہد کے ذریعہ اپنے فرقہ پرستی کے نظریہ کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہاکہ تلنگانہ مسلح جدوجہد کے موقع پر تلنگانہ میںبی جے پی کا وجود بھی نہیںتھا باوجود اسکے تلنگانہ مسلح جدوجہد کی کامیابی کا سہرا اپنے سر باندھنے کی بی جے پی قائدین کی جانب سے کوششیں کی جارہی ہیں۔سابق رکن پارلیمنٹ وسی پی ائی قومی عاملہ رکن جناب سید عزیز پاشاہ نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی قائدین کو نقلی اداکار قراردیتے ہوئے کہاکہ جس طرح ہندوستان کی جنگ آزادی میں آرایس ایس اور بی جے پی قائدین کا کوئی رول نہیں تھا اسی طرح تلنگانہ مسلح جدوجہد سے بی جے پی کی وابستگی ایک واضح جھوٹ ہے ۔سی پی ائی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے تلنگانہ مسلح  جدوجہد کے علمبردار مخدوم محی الدین‘ روای نارائن ریڈی‘ بی ملا ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تلنگانہ مسلح جدوجہد کے متعلق مستند تاریخی مواد عوام کو فراہم کرے تاکہ تلنگانہ مسلح جدوجہد کے نام پر ریاست میںپھیلائے جانے والی بدگمانیوں کو روکا جاسکے او ریاست کی عوام کو مسلح جدوجہد کی حقیقی تاریخ سے واقف کیاجاسکے۔کامریڈ ای ٹی نرسمہا‘ وی ایس بوس کے علاوہ سینکڑوں کمیونسٹوں نے سرخ لباس میںاس ریالی میں حصہ لیا۔