ساری دُنیا میں مسلمان ظلم و جبر کا شکار، آپسی اتحاد وقت کی اہم ضرورت

بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین، دینی انعامی مقابلہ کی قرعہ اندازی، جناب زاہد علی خاں اور ڈاکٹر سراج الرحمن کا خطاب
حیدرآباد /11 ستمبر (سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک میں شائع ہونے والے دینی انعامی مقابلہ کوپنوں کی قرعہ اندازی آج 11 بجے دن محبوب حسین جگر ہال، احاطہ روزنامہ سیاست عمل میں آئی۔ محفل قرعہ اندازی کا آغاز تلاوت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ اور نعت شریف سے ہوا۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ساری دنیا میں مسلمان ظلم و جبر کا شکار ہو رہے ہیں، اگر ہمارے درمیان اتحاد و اتفاق ہوتا تو دنیا کی کوئی طاقت ہم مسلمانوں کو نہیں دَبا سکتی تھی۔ انھوں نے کہا کہ آج ملت اسلامیہ کی سب سے اہم ضرورت ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہے، اگر ہم اس مقصد میں کامیاب ہو جائیں تو ہمارے ساتھ ہونے والے ظلم و ستم کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ آج مسلم گھرانوں کی لڑکیاں تعلیمی میدان میں مسلم لڑکوں سے آگے ہیں، لہذا والدین اور سرپرستوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کریں، بصورت دیگر وہ لڑکیوں کے مقابلے میں احساس کمتری کا شکار ہوں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سراج الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ اپنی ایک اہم ذمہ داری ’’دعوتِ دین‘‘ کو فراموش کرچکی ہے۔ اگر کل بروز قیامت رب العالمین نے ہم مسلمانوں سے یہ پوچھ لیا کہ ہم نے تمھیں زمین پر اپنا خلیفہ اس لئے بناکر بھیجا تھا، تاکہ تم دین حق کی تبلیغ و اشاعت کرو، تو اس وقت ہمارے پاس کیا جواب ہوگا؟۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم برادرانِ وطن کے درمیان رہتے ضرور ہیں، تاہم دینِ حق ان تک پہنچانے کے معاملے میں پہلو تہی سے کام لے رہے ہیں۔ اگر کل بروز حشر ہمارا کوئی غیر مسلم دوست ہمارا دامن پکڑکر ہم سے یہ پوچھ بیٹھے کہ ’’اگر تم اسلام کا تعارف ہم سے کرواتے تو آج ہم بھی تمہارے ساتھ جنت میں داخل ہوتے‘‘ تو اس وقت شرمندہ ہونے کے علاوہ ہم کچھ نہیں کرسکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہم مسلمانوں کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ ہم دنیا کے گوشے گوشے میں اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا کام کریں، لہذا امت مسلمہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ اس کام میں دامے درمے قدمے سخنے ہر طرح سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے آپ کو میدانِ حشر کی شرمندگی سے بچائیں۔ بعد ازاں دینی انعامی مقابلہ کوپنوں کی قرعہ اندازی عمل میں آئی، جس میں پہلا انعام مبلغ 10 ہزار روپئے کا مستحق جناب سید مجیب الرحمن برندا ون کالونی، ٹولی چوکی کو قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ ماہ رمضان المبارک میں شائع ہونے والے دینی انعامی مقابلہ کے کوپنس ادارہ سیاست اور ریاض میں مقیم جناب زکریا سلطان و حیدرآبادی احباب کے تعاون سے شائع کئے جاتے ہیں۔ اس موقع پر ادارہ سیاست کے جنرل منیجر جناب میر شجاعت علی بھی موجود تھے۔