کٹھمنڈو 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سارک ممالک کو مشترکہ چیلنجوں کا سامنا ہے اور انہیں ان سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج یہ بات کہی اور زور دیاکہ ہندوستان سرگرم علاقائی اشتراک کو فروغ دینے کیلئے اس گروپ کو ایک بڑے فورم کے طور پر بحال کرنے کا پابند عہد ہے ۔ راجناتھ نے سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں شرکت کیلئے یہاں پہنچنے کے بعد کہا کہ سارک خطہ کے مشترک چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مناسب پلیٹ فارم رہے گا۔ رکن ممالک کو مسائل کی یکسوئی کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ لازماً اشتراک کرنا چاہئے ۔ نیپال کے ساتھ ہندوستان کے روابط پر وزیر داخلہ نے کہا، ’’ہمارے اس ملک کے ساتھ کافی قدیم تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی تعلقات ہیں‘‘۔