11لاکھ روپئے مالیتی اشیاء ضبط ، سرغنہ 58وارداتوں میں ملوث
حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) توجہ ہٹاکر عوام کو لوٹنے والی خطرناک ایرانی ٹولی کو سائبرآباد کی اسپیشل ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 11 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ مال ضبط کرلیا۔ پولیس کمشنر سائبرآباد وی سی سجنار نے اِس سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ 34 سالہ وسیم عباس سراج ہے جس کا تعلق تھانے (مہاراشٹرا) سے ہے۔ وہ اپنے دیگر ساتھیوں جئے کمار راجک، نیاز محمد خان اور جاوید بالی کی مدد سے علاقہ سائبرآباد اور رچہ کنڈہ میں عوام بالخصوص خواتین کی توجہ ہٹاکر سرقے کئے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ دھوکہ بازوں کی ٹولی خواتین کے پاس جاکر پوجا کے لئے استعمال کی جانے والی اشیاء کو چھونے سے پریشانیوں سے نجات ہونے کا دعویٰ کیا کرتے تھے۔ اسی طرح خواتین کو رجھاکر اور اُن کی توجہ ہٹاکر پوجا کی اشیاء میں اپنے زیورات اور رقومات رکھنے کا مشورہ دیا کرتے تھے بعدازاں زیورات اور رقومات کو لے کر فرار ہوجایا کرتے تھے۔ سجنار نے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ وسیم خطرناک مجرم ہے اور اُس نے نومبر 2017 ء میں اپنے دیگر ساتھیوں کی مدد سے ممبئی، تھانے، وارناسی، الہ آباد اور پٹنہ میں رہزنی اور توجہ ہٹاکر عوام کو لوٹنے کی 58 سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔