سارا ملک سوائن فلو کی لپیٹ میں

2 ہزار سے زائد افراد متاثر، تلنگانہ میں سب سے زیادہ اموات
حیدرآباد ؍ نئی دہلی 3 فبروری (سیاست نیوز) سوائن فلو سے آج گاندھی ہاسپٹل میں ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ چتور کے ایک خانگی ہاسپٹل میں بھی 45 سالہ شخص اِس وباء سے متاثر ہوکر فوت ہوگیا۔ سوائن فلو نے اس بار سارے ملک میں کافی تباہی پھیلائی اور جملہ 191 افراد فوت ہوگئے۔ اِس میں تلنگانہ سرفہرست ہے جبکہ H1N1 وائرس سے متاثر ہونے والوں میں دہلی دوسرے نمبر پر ہے۔ وزارت صحت نے تفصیلی اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یکم جنوری تا یکم فروری 2015 ء سارے ملک میں سوائن فلو سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2038 رہی۔ دہلی میں 488 افراد اِس فلو کا شکار رہے جن میں 5 کی موت واقع ہوئی۔ تلنگانہ میں 629 کیسیس درج کئے گئے اور 34 اموات ہوئیں۔ گجرات میں 309 افراد سوائن فلو سے متاثر رہے جہاں 38 کی موت واقع ہوئی۔ راجستھان میں 205 افراد اس فلو کا شکار ہوئے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 49 رہی۔ اسی طرح مہاراشٹرا میں 73 افراد متاثر ہوئے اور 22 کی موت واقع ہوئی۔ ٹاملناڈو میں 93 کیسیس منظر عام پر آئے جن میں 7 افراد کی موت واقع ہوگئی۔ مدھیہ پردیش اور ہریانہ میں بالترتیب 49 اور 57 کیسیس منظر عام پر آئے۔ ان میں مرنے والوں کی تعداد بھی 17 اور 8 رہی۔ آندھراپردیش میں 33 کیسیس درج کئے گئے جن میں 4 کی موت واقع ہوئی۔