سادھوی پرگیہ کی درخواست ضمانت پر29 جنوری کو قطعی سماعت

ممبئی ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائیکورٹ نے 2008 ء کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس کی کلیدی ملزمہ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی درخواست ضمانت پر قطعی سماعت کی تاریخ 29 جنوری مقرر کیا ہے ۔ پرگیہ سنگھ ٹھاکر 29 ستمبر 2008 ء کو ضلع ناسک کے مالیگاؤں میں ہوئے بم دھماکوں کی دوسروں کے ساتھ سازش کی اصل ملزمہ ہے۔ ان دھماکوں میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو 23 اکتوبر 2008 ء میں گرفتار کیا گیا تھا، اس نے طبی وجوہات اور مختلف امراض کی بنیاد پر ضمانت طلب کی تھی

اور کہا تھا کہ اس کو ہاسپٹل میں شریک کرتے ہوئے علاج کی ضرورت ہے۔ پرگیہ کے وکیل مہیش جیٹ ملانی نے جسٹس پی وی ہرداس کے زیر قیادت بنچ پر تحت کی ایک عدالت کے احکام کے خلاف درخواست دائر کی۔ تحت کی عدالت نے پرگیہ کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا تھا اور یہ درخواست اکتوبر 2012 ء سے ہائی کورٹ میں زیر تصفیہ ہے۔ ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ اس پر فوری سماعت کی ضرورت ہے چنانچہ بنچ نے 29 جنوری کو درخواست ضمانت پر قطعی سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔

سنکرانتی پروگرام میں بھگدڑ، 3 ہلاک
بانکا 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے ضلع بانکا میں مکر سنکرانتی کے موقع پر منعقدہ ایک تہذیبی پروگرام دیکھنے کیلئے تھیٹر میں داخلہ کے دوران ہجوم کی بھگدڑ کے نتیجہ میں کم سے کم تین افراد ہلاک اور دیگر 12 زخمی ہوگئے۔بھونسی پولیس اسٹیشن کے حدود میں ہزاروں افراد نے تھیٹر میں گھسنے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں بھگدڑ مچ گئی۔