سادھوی پرگیہ پر آر ایس ایس کارکن کے قتل کا مقدمہ

بھوپال ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام)قومی تحقیقاتی محکمہ (این آئی اے) نے آج آر ایس ایس کارکن سنیل جوشی کے قتل کا فرد جرم سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور دیگر تین ملزمین کے خلاف خصوصی عدالت میں داخل کیا۔ پرگیہ ٹھاکر پہلے ہی سے عدالتی تحویل میں ہے، اس کے علاوہ دیگر ملزمین میں راجندر چودھری ، لوکیش شرمااور جتیندر شرما شامل ہیں۔ فرد جرم میں پرگیہ سنگھ کشواہا کے اس جرم کے کئی نئے ثبوت بھی شامل کئے گئے ہیں۔سنیل جوشی کو 29 ڈسمبر 2007 ء کو دیواس میں گولی مارکر ہلاک کردیا گیا تھا۔ پرگیہ ٹھاکر جو بیمار ہے اور ایک مقامی ہاسپٹل میں شریک ہے، 2008 ء کے مالیگاؤں بم دھماکہ مقدمہ کی ملزم بھی ہیں۔

ایروم شرمیلا کو جیل سے رہا کردینے کا عدالتی حکم
امپھال ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت نے آج انسانی حقوق کی کارکن ایروم چانو شرمیلا کو حراست سے رہا کردینے کا حکم دیا ۔ وہ سخت گیر فوجی قانون کی منی پور سے برخواستگی کا مطالبہ کرتے ہوئے 14 سال سے بھوک ہڑتال پر ہیں، انہیں اقدام خودکشی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا ۔