نئی دہلی 8 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی کی نکڑ سبھا کے مقام کو پولیس کی ہدایت پر تبدیل کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ نرنجن جیوتی پر متنازعہ اشتعال انگیز تقریر کرنے کا الزام ہے جس پر پارلیمنٹ میں بھی ہنگامہ ہوا تھا ۔ جیوتی ترلوک پوری کے بلاک 36 میں نکڑ سبھا سے خطاب کرنے والی تھیں جہاں گذشتہ مہینے فرقہ وارانہ واقعات پیش آئے تھے ۔ اب ان کی نکڑ سبھا کے مقام کو تبدیل کردیا گیا ہے اور یہ نکڑ سبھا بلاک 34 میں منعقد ہوئی ۔ بی جے پی کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم نے پولیس کی ہدایت پر سادھوی نرنجن جیوتی کی نکڑ سبھا کے مقام کو تبدیل کردیا ہے ۔ ایسا لا اینڈ آرڈ کی صورتحال کی وجہ سے کیا گیا ہے ۔ یہ جلسہ بعد ازاں بلاک 34 میں منعقد کیا گیا ۔