سادگی سے شادی ،سیاست کی تحریک کا اثر

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : مسلم لڑکیوں کی شادی کو سادگی سے کرنے اور اسراف نہ کرنے کی ادارہ سیاست کی تحریک کا اثر یہاں جامع مسجد دارالشفاء میں ڈاکٹر نادر المسدوسی صدر بزم علم و ادب نامور شاعر کی صاحبزادی کی شادی کے موقع پر دیکھا گیا جنہوں نے بیجا رسومات اور اخراجات سے گریز کرتے ہوئے اپنی نور نظر فاطمہ محمد بامسدوس کا نکاح طہ جعفر فرزند انور شیخ کے ساتھ کیا ۔ تقریب نکاح اور وداعی مسجد ہی سے انجام پائی ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے اس سادگی اور مثالی شادی کی انجام دہی پر عروس کے والد جناب نادر المسدوسی کو شخصی مبارکباد دیتے ہوئے اس عملی اقدام کی ستائش کی اور اس کو قابل تقلید قرار دیا ۔ انہوں نے نوشہ اور نوشہ کے والد محترم انور شیخ متوطن گلبرگہ کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے طرفین کے اس عملی اقدام کو شہر کے علاوہ اضلاع تک پہنچانے کی اپیل کی ۔ اس پر مسرت اور مثالی نکاح کی تقریب میں حیدرآباد کے سرکردہ شخصیات ، علمائے کرام ، شعراء ، ادبا جن میں قابل ذکر مولانا حسام الدین ثانی امیر ملت امارت اسلامیہ ، رحیم الدین انصاری ، اسلم فرشوری ، اثر غوری ، ضیا الدین حسامی ، متین الدین قادری ، اسلام الدین مجاہد اور ملی ، سماجی اداروں کے سربراہان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ قاری عبدالقیوم شاکر نے قرات پڑھی اور ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے منظوم تہنیت پیش کی ۔ برادران عروس بامسدوس نے استقبال کیا ۔ شرکاء نے اس اقدام کو لائق تحسین قرار دیا ۔۔