ساحلی اضلاع میں طوفانی بارش ‘ سیلاب کا خطرہ

چوکسی کیلئے چندرابابونائیڈو کی وزراء اور حکام کو ہدایت
حیدرآباد۔7ستمبر ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع میں سیلاب کے بارے میں چوکسی کی وارننگ جاری کئے جانے کے بعد چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپنی ریاست کے تمام وزراء اور اعلیٰ عہدیدارaوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جہاں کہیں ضروری ہو بروقت راحت و امدادی کاموں کیلئے تیار رہیں ۔ آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع میںسیلاب کی پیش قیاسی کے درمیان چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ امکانی طور پر سیلاب کی زد میں آنے والے متاثرہ عوام کے مخفوظ انخلاء کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے اس علاقہ کے وزراء کو ہدایت کی کہ متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ رابطہ میں رہتے ہوئے کام کریں تاکہ متاثرہ عوام کو راحت و امداد کی فراہمی کی مؤثر نگرانی کی جاسکے ۔ مسٹر نائیڈو نے حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متعلق چوکسی کے بارے میں وقفہ وقفہ سے عوام کو باخبر کیا جائے ۔ آندھراپردیش کے کئی علاقوں میں گذشتہ چند دن سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ آندھراپردیش اور متصلہ آب گیر رقبوں میں مسلسل بارش کے سبب ویمادھرا اور دیگر چند دریائیں خطرہ کے نشان پر بہہ رہی ہیں ۔