ساحلی آندھرا و تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارش کا امکان

حیدرآباد 28 اگسٹ ( سیاست نیوز ) جنوب مشرقی اوڈیشہ اور اطراف کے علاقوں میں جو سائیکلون کی صورتحال تھی وہ اب مزید جنوب مغرب کی سمت پیشرفت کر رہی ہے ۔ بیکانیر ‘ چتور گڑھ ‘ ہوشنگ آباد ‘ رائے پور اور مشرقی وسطی خلیج بنگال کی سمت اس کی پیشرفت ہو رہی ہے ۔ اس کے اثر سے ساحلی آندھرا کے تقریبا تمام اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید سے بہت زیادہ شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں بھی کچھ مقامات پر اور رائلسیما میں کچھ مقامات پر اس دوران شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ آئندہ پانچ دن کے موسم کے تعلق سے پیش قیاسی کی گئی ہے کہ ساحلی آندھرا پردیش میں بیشتر مقامات پر ‘ رائلسیما میں کئی مقامات پر اور تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف میں بارش یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی شام یا رات کے وقت ہوسکتی ہے ۔اعظم ترین درجہ حرارت 29 ڈگری اور اقل ترین 22 ڈگری کے آس پاس رہنے کی امید ظاہر کی گئی ہے ۔