حیدرآباد /13 جون ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش میں شدید گرمی کی لہر کے نتیجہ میں رواں موسم گرما کے دوران کم سے کم 87 افراد فوت ہوگئے ۔ ایڈیشنل کمشنر ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایم جگناتھم نے کہا کہ 87 کے منجملہ 27 افراد ریاست بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فوت ہوئے ہیں جن میں اکثریت کا تعلق شمالی ساحلی اضلاع سریکاکولم ، وجیانگرم ، وشاکھاپٹنم اور مشرقی گوداوری سے ہے ۔ جگناتھم نے پی ٹی آئی سے مزید کہا کہ ’’ رواں سال اپریل سے جون تک آندھراپردیش کے 13 اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کے نتیجہ میں 87 افراد فوت ہوئے ہیں ۔ ہمیں یہ اطلاعات موصول ہوئی ہے کہ گرمی کی لہر آئندہ 3 دن تک جاری رہے گی ۔ ضلع مشرقی گوداوری کا علاقہ ٹونی آندھراپردیش کا گرم ترین مقام رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری رہا جو معمول کے درجہ حرارت سے 9 ڈگری زائد ہے ۔ ساحلی آندھرا میں جھلسا دینے والی دھوپ کے ساتھ شدید گرمی کی لہر کے سبب چند مقامات پر بعد تعلیمی اداروں کو چند دن تک بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ وشاکھاپٹنم میں واقع سائیکلون وارننگ سنٹر عہدیداروں نے کہا کہ بہرعرب میں طوفانی بھنور کے سبب آندھرائی علاقہ میں درجہ حرارت معمول کی سطح سے اوپر پہنچ گیا ہے ۔