ساحلی آندھرا میں زلزلہ کے معمولی جھٹکے

خوف و ہراس کے عالم میں مکین باہر نکل آئے
وشاکھا پٹنم ۔ 25 ۔ اپریل : ( پی ٹی آئی ) : نیپال اور شمال مشرق ہند میں آج طاقتور زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ساحلی آندھرا میں بھی معمولی جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ سائیکلوں وارننگ سنٹر کے بموجب وشاکھا پٹنم ، سریکاکولم اور مشرقی گوداوری اضلاع میں چند سکینڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ۔ اگرچیکہ ایک بڑے زلزلے کے زیر اثر زمین میں ارتعاش عام بات ہے لیکن خوفزدہ ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے ۔ دریں اثناء ، راجمندری سے ریونیو حکام نے بتایا کہ ضلع مشرقی گوداوری کے راجمندری ، املاپورم ، کاکیناڈا ، کتہ پیٹ ، راولا پالیم اور ممڈی ورم میں آج 11-30 بجے تا 12 بجے دن چند سکنڈس کے لیے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ تاہم ضلع کلکٹر ایچ ارون کمار نے زلزلے کی نوعیت پر حیدرآباد میں واقع نیشنل جیوفزیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے ایک رپورٹ طلب کی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ساحلی آندھرا کے اضلاع وشاکھا پٹنم ، کرشنا ، مشرقی گوداوری ، مغربی گوداوری ، سریکاکولم میں بھی زلزلہ کی شدت محسوس کی گئی جب کہ اس کا مبدا پوکھرا نیپال تھا ۔ ضلع وشاکھا پٹنم سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ وہ پکوان میں مصروف تھی کہ شیلف سے برتن نیچے گر گئے اور اس کو زلزلہ محسوس کرتے ہوئے مکان سے باہر نکل پڑی ۔ مکانات اور دفاتر سے باہر نکل جانے والے کئی افراد مزید زلزلہ کے خوف سے مکانات اور دفاتر کے باہر ہی ٹھہرے رہے ۔۔