ساجد جاوید برطانیہ میں بااثر ترین ایشیائی نوجوان

لندن ،7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں ابھی حال ہی میں جنوبی ایشیائی ممالک کے پس منظر کے حامل باصلاحیت ترین نوجوانوں کی ایک فہرست کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ساجد جاوید پہلے نمبر پر ہیں۔ وہ ڈیوڈ کیمرون حکومت میں سکریٹری ثقافت کے عہدہ پر بھی فائز ہیں۔ جاوید سابق بینکر ہیں اور سیاست کا حصہ بننے کے بعد انہوں نے بہت تیزی سے کیمرون کی قدامت پسند پارٹی میں مقبولیت حاصل کی ہے۔ اسی ہفتے لندن میں منعقدہ تقریب میں جاوید نے اپنا یہ انعام وصول کیا۔ اس ’پاور لسٹ‘ کے ججز نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسف زئی کو دوسرا جبکہ برطانوی اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی کیتھ واز کو تیسرا نمبر دیا ہے۔ 17 سالہ ملالہ کو اس سال امن کے نوبل انعام کیلئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ کیتھ واز برطانوی پارلیمان کی بااثر ترین داخلہ کمیٹی کے سربراہ ہیں۔