سات ایرانیوں پر 50 امریکی بینکوں کے کمپیوٹرس ہیک کرنے کا الزام

تہران ۔ 26 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) نیویارک کی ایک عدالت کی جانب سے سات ایرانیوں کو امریکہ کی درجنوں بینکوں اور ایک بڑے باندہ کے کمپیوٹر نظام کی ہیکنگ کے ضمن میں ماخوذ کئے جانے کے بعد ایران نے امریکہ کے خلاف کوئی سائبر حملہ کرنے کی تردید کی ہے ۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان حسین جابر انصاری نے کہا کہ ’’اسلامی جمہوریہ ایران کے پاس خطرناک سائبر کارروائیوں کا کبھی کوئی ایجنڈہ نہیں رہا اور وہ ایسی کارروائیوں کی تائید نہیں کرتا ‘‘ ۔ امریکہ نے سات ایرانیوں کے خلاف کمپیوٹر ہیکنگ کے الزامات کا جمعرات کو اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ سات ایرانی ان اداروں کیلئے کام کرتے ہیں جو حکومت ایران سے مربوط ہیں ۔ ان افراد پر تقریباً 50 بینکوں اور مالیاتی اداروں کے علاوہ نیویارک کے ایک بڑے ڈیم (باندھ) کے کمپیوٹر سسٹم میں ہیکنگ ، دراندازی و مداخلت کاری کے الزام عائد کئے گئے ہیں۔