سابق کرکٹر عبدالقادر کی قیامگاہ پر پولیس دھاوا

لاہور 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر کی قیامگاہ پر پولیس نے دھاوا کیا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ دھاوا کرکٹر سے سیاستدان بننے والے عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے ورکرس کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلہ میں کیا گیا ۔ عبدالقادر کے قریبی ذرائع نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ دھاوا اس لئے کیا گیا کیونکہ عبدالقادر کی دختر فاطمہ پاکستان تحریک انصاف کی سینئر کارکن ہیں جبکہ ان کے فرزند بھی اس پارٹی کے رکن ہیں۔ عبدالقادر نے اس دھاوے کے تعلق سے کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا تاہم ٹی وی چینلس نے اطلاع دی کہ یہ دھاوا جمعہ کی رات کو کیا گیا تھا ۔ پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی گئی ہیں اور گذشتہ 48 گھنٹوں میں ان میں مزید شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ عبدالقادر اپنے کرکٹ ایام میں عمران خان سے کافی قربت رکھتے تھے اور انہوں نے حالیہ عرصہ میں پاکستان تحریک انصاف کی کھلے عام تائید و حمایت کی تھی ۔