سابق کرناٹک چیف منسٹرز کیخلاف تحقیقات کیلئے ہدایت

نئی دہلی ۔ 29مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کرناٹک پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) سے کہا کہ لوہا کچدھات کانکنی کیس میں سابق چیف منسٹرز این دھرم سنگھ اور ایچ ڈی کمارا سوامی کے رول کی تحقیقات کرے اور اندرون تین ماہ رپورٹ داخل کی جائے۔ تاہم، فاضل عدالت نے کہا کہ ایک اور سابق چیف منسٹر ایس ایم کرشنا کے خلاف تحقیقات پر اس کا حکم التوا یہ مدت کے دوران برقرار رہے گا۔ جسٹس پی سی گھوش اور جسٹس آر ایف نریمن کی بنچ نے تمام دیگر عدالتوں بشمول ہائی کورٹ کو اس کیس میں کوئی حکمنامہ جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ شکایت کنندگان میں شامل ٹی جے ابراہم کا الزام ہے کہ سابق چیف منسٹرز نے کئی بیوروکریٹس اور دیگر کے ساتھ گٹھ جوڑ میں بڑے قطعہ جنگلاتی اراضی کا رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر لوہا کچدھات کی غیرقانونی کانکنی کی اجازت دی۔