اہل خانہ کی درخواست کو ڈپٹی چیف منسٹر نے سفارش کے ساتھ وزیر داخلہ سے رجوع کردیا
حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے جیل میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے سابق پولیس کانسٹبل محمد عبدالقدیر کی پیرول پر رہائی سے متعلق درخواست پر کارروائی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ عبدالقدیر کے ارکان خاندان نے آج ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی سے ملاقات کی اور رمضان المبارک کے پیش نظر عبدالقدیر کی پیرول پر رہائی کی درخواست کی۔ ان کے فرزند نے کہا کہ مختلف عوارض کے باعث ان کے والد کی طبیعت دن بہ دن بگڑ رہی ہے اور موثر علاج کی سہولتیں نہ ہونے کے باعث ارکان خاندان ان کی صحت کے بارے میں فکر مند ہیں۔ انہوں نے مناسب علاج کی سہولتوں کی فراہمی کی درخواست کی۔ ارکان خاندان کا کہنا تھا کہ اگر عبدالقدیر کو پیرول پر رہا کیا گیا تو نہ صرف وہ بہتر علاج کرا پائیں گے بلکہ رمضان المبارک اپنے افراد خاندان کے ساتھ گذار سکیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ایک ماہ پیرول پر رہائی کی سفارش کرکے درخواست کو وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی سے رجوع کیا اور ان سے خواہش کی کہ وہ اعلیٰ عہدیداروں کو ضروری ہدایت دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر داخلہ نے ایک ماہ کی پیرول کی سفارش کرکے فائیل کو وزارت داخلہ روانہ کیا ہے اور توقع ہے کہ بہت جلد پیرول پر رہائی کا فیصلہ کرلیا جائے گا۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ ایک ماہ کے پیرول کی منظوری کے بعد پیرول کی مدت میں توسیع کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالقدیر کی حالت میں دن بہ دن بگاڑ سے مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریگی۔ پیرول پر رہائی کے بعد حکومت انہیں ہر طرح کی طبی امداد بہم پہنچانے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چرلہ پلی اور چنچل گوڑہ جیلوں میں مسلم قیدیوں کو رمضان المبارک کے دوران تمام سہولتوں کی فراہمی کیلئے جیل حکام کو ہدایت دی گئی ہے۔ قیدیوں کیلئے سحر و افطار کے انتظام کے علاوہ نماز کی سہولت کی فراہمی پر توجہ دلائی گئی۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران مسلم قیدیوں سے رعایت کا معاملہ کریں اور ان سے کوئی ایسا سخت کام نہ لیں جس سے ان کی صحت متاثر ہو۔