سابق کانسٹبل عبدالقدیر کے انتقال کی افواہ

حیدرآباد۔ /29 نومبر (سیاست نیوز) سابق پولیس کانسٹبل عبدالقدیر کے انتقال کی خبر اچانک پھیلتے ہی عوام میں بے چینی اور تجسس کی لہر دوڑ گئی ۔ تاہم انتقال کی خبر کو جیل حکام نے غلط اور بے بنیاد قرار دیا ۔ جیل حکام نے کہا کہ عبدالقدیر چیرلہ پلی جیل میں بقید حیات ہیں اور ان کے انتقال کی تردید کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ عبدالقدیر کے خاندان والوں کو کسی نے بذریعہ فون گاندھی ہاسپٹل میں عبدالقدیر کے انتقال کی اطلاع دی جس سے خاندان والوں پر سکتہ طاری ہوگیا ۔ ان کی اہلیہ صابرہ بیگم بھی اس خبر کی تصدیق کیلئے بے چین ہوگئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ ہفتہ عبدالقدیر کو آندھراپردیش ہائیکورٹ کی ہدایت پر گاندھی ہاسپٹل لایا گیا تھا اور انہیں میڈیکل بورڈ کے روبرو پیش کرکے ان کی صحت سے متعلق تفصیلات ریکارڈ کئے گئے ۔ واضح رہے کہ سابق کانسٹبل عبدالقدیر ذیابطیس اور دیگر کئی امراض میں مبتلا ہیں جس کے باعث ان کا ایک پیر سابق میں کاٹ دیا گیا تھا اور وہ طویل عرصہ سے زیرعلاج بھی ہیں ۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیلس (تلنگانہ ریجن) مسٹر چندرشیکھر نے آج رات دیر گئے سیاست نیوز کو بتایا کہ عبدالقدیر کو گاندھی ہاسپٹل منتقل نہیں کیا گیا ہے اور وہ جیل میں ہی محروس ہیں ۔ اسی طرح ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ چیرلہ پلی جیل مسٹر راہول وشواس نے بھی عبدالقدیر کی جیل میں موجودگی اور باحیات ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کل وہ متعلقہ پولیس عہدیداروں سے ربط پیدا کرکے افواہ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست پیش کریں گے ۔