سابق کانسٹبل عبدالقدیر کی پیرول پر رہائی

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز): سابق کانسٹبل عبدالقدیر آج چرلہ پلی سنٹرل جیل سے ایک ماہ کی پیرول پر رہا ہوگئے ۔ خرابی صحت اور ایک پیر سے معذوری کے بعد عبدالقدیر سخت حالات کا سامنا کررہے ہیں ۔ ان کی اہلیہ صابرہ بیگم کی درخواست پر غور کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے یہ اقدام کیا ۔ صابرہ بیگم نے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی سے عبدالقدیر کی رہائی کے متعلق درخواست کی تھی اور ڈپٹی چیف منسٹر نے ریاستی وزیر داخلہ سے کامیاب اقدامات کرواتے ہوئے عبدالقدیر کی پیرول پر رہائی کے انتظامات کئے اور آج عبدالقدیر ایک ماہ کی پیرول پر چرلہ پلی جیل سے رہا ہوئے ۔ رہائی سے قبل روزنامہ سیاست کی دعوت افطار کے موقع پر سابق کانسٹبل عبدالقدیر نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کی اور ان کی رہائی کے لیے روزنامہ سیاست کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا ۔ عبدالقدیر نے ایڈیٹر سیاست سے جذباتی ملاقات کی اور ان کے حق میں خوب دعائیں دیں اور روزنامہ سیاست کی تحریک کو مثالی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ سیاست ہر موڑ پر عبدالقدیر اور ان کے افراد خاندان کے ساتھ رہا ۔ عبدالقدیر نے کہا کہ وہ روزنامہ سیاست کے تعاون کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے۔ اس موقع پر عبدالقدیر کے فرزند بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔۔