سابق کانسٹبل عبدالقدیر کی رہائی کیلئے آن لائن مہم

جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے پیام چیف منسٹر کے سی آر کو روانہ کیا ، عوام کا مثبت اثر
حیدرآباد۔ 9 جون (سیاست نیوز) سابق کانسٹیبل محمد عبدالقدیر کی رہائی کیلئے جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے آن لائن مہم کا آغاز کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ عبدالقدیر کی رہائی کیلئے سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ کے علاوہ دیگر آن لائن پورٹلس پر شروع کردہ مہم کے مثبت اثرات نظر آرہے ہیں اور بلاتفریق مذہب انسانیت کی بنیاد پر لوگ عبدالقدیر کی رہائی کیلئے مطالبہ کرنے لگے ہیں۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عبدالقدیر جوکہ گزشتہ 25 برسوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں جنہیں ایک قتل کے مقدمہ میں سزائے عمر قید سنائی گئی ہے۔ جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے چیف منسٹر تلنگانہ سے کی گئی اپیل میں واضح طور پر کہا کہ انسانیت کی بنیاد پر چیف منسٹر، گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کو سفارشی مکتوب روانہ کرتے ہوئے عبدالقدیر کو رہا کرنے کی اپیل کریں جو فی الحال عمر قید کی زندگی گذار رہے ہیں۔ جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے بتایا کہ گورنر دستور میں موجود اپنے اختیارات کی شق 161 کے تحت یہ اقدام کرنے کے متحمل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عبدالقدیر جوکہ ذیابیطس کے عارضہ میں مبتلا ہیں اور ان کا ایک پیر بھی کاٹ دیا گیا ہے، ایسی صورت میں انسانیت کی بنیاد پر انہیں رہا کرنے کیلئے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہونی چاہئے۔ جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے کہا کہ 2013ء میں وہ اپنے دورۂ حیدرآباد کے موقع پر اُس وقت کے چیف منسٹر مسٹر کرن کمار ریڈی سے بھی اس بات کی اپیل کرچکے تھے لیکن ان کی جانب سے کی گئی یہ اپیل پر کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ جسٹس کاٹجو نے بتایا کہ جس وقت اے سی پی ستیہ کا قتل کیا گیا تھا، اس وقت عبدالقدیر کی عمر 29 سال تھی، اور انہیں سزائے عمر قید دیئے جانے کے بعد وہ 25 سال قید کی زندگی گذار چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر کے جس دور سے عبدالقدیر گذر رہے ہیں، اس عمر میں وہ سماج کیلئے کسی قسم کا خطرہ نہیں بن سکتے اور ان کی رہائی کسی کیلئے خطرات کا باعث نہیں ہوسکتی اسی لئے انسانیت کی بنیاد پر انہیں رہا کیا جانا چاہئے۔ جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے چیف منسٹر تلنگانہ سے کی گئی اپیل میں اس بات کی بھی صراحت کی کہ عبدالقدیر کی رہائی کی صورت میں انہیں مخالفت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا بلکہ ان کے قد میں اضافہ ہی ہوگا کیونکہ ان کا یہ اقدام سیاسی محرکات پر مبنی نہیں بلکہ انسانیت کی بنیادوں پر کیا جانے والا اقدام ثابت ہوگا۔ جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے عبدالقدیر کی رہائی کیلئے سماجی رابطے کی ویب سائیٹس فیس بُک، ٹوئٹر کے علاوہ www.change.org پر بھی ایک تحریک شروع کی ہے جس پر کئی لوگوں نے اپنی دستخطیں کرتے ہوئے اسے عوامی تحریک کی شکل دینے کا آغاز کردیا ہے اور فیس بُک، ٹوئٹر کے علاوہ change.org پر بھی زبردست عوامی ردعمل ظاہر کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جسٹس کاٹجو نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو شخصی طور پر بھی مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کی توجہ مبذول کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔